احمدآباد، 17؍جو ن(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )گلبرگ سوسائٹی قتل عام معاملہ میں عدالت کی طرف سے سنائے گئے فیصلے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس قتل میں مار گئے کانگریس کے سابق ممبر پارلیمنٹ احسان جعفری کی بیوی ذکیہ جعفری نے آج کہا کہ تمام قصورواروں کو عمر قید کی سزا دی جانی چاہیے تھی۔بہر حال، ذکیہ کے بیٹے تنویر جعفری نے کہا کہ مجرم ٹھہرائے جانے سے کچھ حد تک ایسا لگ سکتا ہے کہ معاملے کا حل ہو گیا ہے لیکن یہ دیکھنا ہو گا کہ کچھ ملزمان کو مجرم کیوں نہیں ٹھہرایا گیا۔انہوں نے کہاکہ کچھ لوگوں کو بری کئے جانے کو ہم ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔کانگریس کے سابق ممبر پارلیمنٹ احسان جعفری کی بیوی ذکیہ نے فیصلے پر اپنے عدم اطمینان کا کھل کر اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان پرتشدد جرائم کو اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا اور انہیں لگتا ہے کہ تمام ملزمان کو عمر قید کی سزا دی جانی چاہیے تھی۔تنویر نے کہا کہ ملک بھر میں یہ پیغام جانا چاہیے کہ قانون ایسی چیزوں کو برداشت نہیں کرے گا۔انہوں نے کہاکہ ہم سب جانتے ہیں کہ متاثرین کے ساتھ جو ہوا ان میں سب سے زیادہ بے رحم واقعات میں سے ایک قتل عام تھا۔ملک بھر میں یہ پیغام جانا چاہیے کہ یہ ملک، اس کا لاء اینڈآرڈر ایسی چیزوں کو برداشت نہیں کرے گی۔تنویر کو یہ بھی لگتا ہے کہ نرودا پاٹیا کے قتل عام کے واقعہ کی طرح ہی گلبرگ سوسائٹی کے معاملے میں بھی سازش سے متعلق پہلو کے حق میں پختہ ثبوت ہیں۔ایس آئی ٹی کے سابق سربراہ آر کے راگھون نے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔اس معاملے کی تحقیقات انہوں نے ہی کی تھی۔بہر حال انہوں نے کہا کہ انہوں نے فیصلہ کی کاپی ابھی دیکھی نہیں ہے۔